شیر افضل مروت کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات ہوگئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ آج 3 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہاتھ ملایا تو بانی پی ٹی آئی نے گلے لگایا۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں دو طرفہ گلے شکوؤں کا تبادلہ ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کئی بار بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت اڈیالہ جیل کے اندر کانفرنس روم کے ساتھ والے روم میں پہنچے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کو لسٹ دی گئی جنہوں نے شیر افضل مروت سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔
جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت معطل کر دی تھی۔
شیر افضل مروت کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے کسی بھی شوکاز کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا، آپ کے پارٹی رہنماؤں کے خلاف دیے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی تمام ہدایات کو نظر انداز کیا اور کسی سے بھی ملاقات کرنے یا نہ کرنے سے متعلق پارٹی گائیڈ لائنز کو نظر انداز کیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنیت معطل ہونے پر شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ میری پارٹی رکنیت معطل ہونے سے فرق نہیں پڑے گا، بانی کے ساتھ ہوں پارٹی رکنیت کے خاتمے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔