گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کےلیے بنائی گئی کمیٹی نے گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نظام متعارف کرانے کی ہدایت کردی۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پیٹرولیم، خزانہ و محصولات اور توانائی کے وزراء سمیت کمیٹی کے دیگر سرکاری و نجی شعبے کے ارکان نے شرکت کی۔

نائب وزیراعظم نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کیا جو کہ مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مقامی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضے کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا۔

کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔

سیکیورٹی کے مسائل پر، فورم نے داخلہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ای اینڈ پی کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کریں۔

کمیٹی نے داخلہ ڈویژن کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ چیلنجنگ علاقوں میں آپریشنز کے لیے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر وقف ون ونڈو سہولت کا نظام تیار کرے۔