پاکستانی زائرین بس حادثہ : صدر، وزیراعظم کا قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنیوالے حادثے میں 35 قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے  المناک حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔

وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور  تہران میں پاکستانی سفارت خانے کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

صدرمملکت آصف زرداری کا اظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لئے دعا ئےمغفرت اور لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دکھ کا اظہار

علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے بس حادثے میں جاں بحق ہونے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

واضح رہے کہ ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ حادثے میں 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔