پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام ، 16 رنز پر 3 وکٹیں گنوادیں، بابراعظم صفر پر آؤٹ

پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی تیسری  وکٹ 16  رنز پر  ہی گرگئی۔  

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا  پہلا میچ  آج راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے میچ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم عبد اللہ شفیق تیسرے اوور میں   بنگلادیشی بولر حسن محمد کی گیند پر   کیچ  آؤٹ ہوگئے، عبد اللہ شفیق نے 12 گیندوں پر 2 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔

 قومی ٹیم کی دوسری وکٹ  14 رنز پر  اس وقت گری جب کپتان شان مسعود   6 رنز بناکر  لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے اس کے بعد تیسرے نمبر  پر آنے والے بابر اعظم  بھی صفر  پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے۔

راولپنڈی میں آج صبح سویرے تیز بارش ہوئی جس کے بعد  گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹاس تاخیرکا شکارہوا۔

 واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 فاسٹ بولرز کے  ساتھ میدان میں اتری ہے،کپتان شان مسعود پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔