پاکستان تحریک انصاف نے آج ترنول میں شیڈول جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے گئے تھے۔
اب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے جاری ہدایات کے مطابق آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے۔
عمران خان کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں، عوام میں نکلیں اور تحریک چلائیں، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پراسلام آبادجلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اعظم سواتی نےجلسہ ملتوی کرنےکااعلان کردیاہے، اب جلسہ 8 یا 9 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
بعد ازاں اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، لوگ شام چار بجے اکھٹے ہوں گے اور جلسہ 7 بجے ختم کرنا ہوگا، جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔