بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور ان کی سابقہ اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ کے درمیان علیحدگی کی وجہ سامنے آنے کے بعد اب سربین ماڈل کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نتاشا اسٹینکوویچ کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ ہاردک کی شخصیت تھی جو طلاق کی وجہ بنی، ہاردک بہت غصے والے انسان اور خود پسندی کا شکار تھے۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع نے مزید بتایا کہ نتاشا کو احساس ہوا کہ ان کی اور ہاردک کی شخصیت میں بہت فرق ہے، انہوں نے اس فرق کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ تھک چکی تھیں، نتاشا نے مسلسل کوشش کے بعد رشتے میں کوئی بہتری نہ آنے کی وجہ سے آخر کار ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ہاردک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
نتاشا کے قریبی ذرائع نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ نتاشا کے لیے بہت مشکل اور تکلیف دہ تھا۔
اب نتاشا اسٹینکوویچ نے انسٹاگرام پر محبت سے متعلق ذو معنی اسٹوری شیئر کی ہے۔
اسٹوری میں لکھا تھا کہ محبت دوسروں کی توہین کرنے کا نام نہیں، محبت صابر اور مہربان ہوتی ہے، محبت نہ دوسروں کی غلطیوں کا حساب رکھتی ہے اور نہ ہی مغرور اور تکبر والی ہوتی ہے، محبت کرنے والے شخص کو جلد غصہ بھی نہیں آتا۔
نتاشا کی اسٹوری میں مزید لکھا تھا کہ محبت تحفظ فراہم کرتی ہے، ہمیشہ اعتماد کرتی اورپرامید ہوتی ہے، محبت کبھی بھی ناکام نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا اورسربین اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور دونوں کا ایک 4 سالہ بیٹا آگستیا بھی ہے۔
گزشتہ ماہ 18 جولائی کو ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکوویچ نے انسٹاگرام پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔