امریکی ماہر تعمیرات (آرکیٹیکٹ) اور کارڈ اسٹیکنگ شخص نے اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے تاش کے پتوں سے بلند و بالا عمارت بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق برائن برگ نامی شخص نے 8 گھنٹوں کی محنت سے تاش کے پتوں سے 54 منزلہ عمارت بنائی ہے جس کے لیے برائن نے سیڑھی کا استعمال بھی کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بتایا کہ برائن برگ نے اس عمارت کو بنانے میں کسی بھی قسم کی گلو (چپک)، تار یا کسی بھی دھات کا استعمال نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق برائن نے عمارت مکمل کرنے کے بعد عمارت کے اوپر بہت احتیاط سے فولڈ ایبل فون بھی رکھا جب کہ اس عمارت کو بنانے کے دوران کمرے میں کسی بھی قسم کی تیز ہوا سے بچاؤ اور نمی کا مکمل خیال رکھا گیا تھا۔
برائن نے گزشتہ برسوں میں متعدد بار سب سے اونچے پلے کارڈ اسٹرکچر کا ریکارڈ بھی توڑا ہے جب کہ اس کا 7.86 میٹر (25 فٹ 9 انچ) کا موجودہ ریکارڈ 2007 سے قائم ہے۔