موڈیز ریٹنگ میں بہتری اطمینان بخش، معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی پوزیشن بہتر کرنے پر وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں ہوگی، تمام وزرا اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت تیز بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

اجلاس کو پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔