حکومت ہمارا انتخابی منشور دیکھ لے، اس میں بجلی کے مسائل کا حل ہے: مراد علی شاہ کا مشورہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  وفاقی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کا انتخابی منشور دیکھ لے، اس میں بجلی کے موجودہ مسائل کا حل موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں سندھ کے 2 لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دینے کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سولر پینل ایک پنکھا اور تین بلب مستحق خاندنوان میں تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ  کراچی اور لاڑکانہ میں آج 2 لاکھ سولرسسٹمز فراہم کر رہے ہیں، سولرسسٹم غریب گھرانوں کو دیے جا رہے ہیں ، سولرسسٹم میں 80 تا 100 واٹ کی سولر پلیٹ شامل ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سولر سسٹم میں 18 اے ایچ کی لیتھیم بیٹری، ایک پنکھا،3 بلب اور موبائل چارجر دیں گے، سولر سسٹم کی قیمت 50 ہزار کے قریب ہے، مستحق خاندانوں کو 80فیصد رعایت کے ساتھ 6 ہزار روپے میں دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار چار روپے فی یونٹ ہے، لیکن ہم بجلی کے کارخانوں کو 30 روپے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ستر فیصد گیس سندھ سے نکلتی ہے، بجلی کے بلوں سے ہم سب پریشان ہیں ، دوسرے لوگ منصوبہ بنا رہے ہوتے ہیں ہم آگے بڑھ کر کام کرتے ہیں، ہماری پالیسی بنی ہوئی ہے ، وفاق صرف ہمارا منشور پڑھ لے، وفاقی حکومت سے کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کچھ کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت صحیح چیزوں پر کام کرے تو سستی بجلی بنے گی۔