کراچی: مارٹ کے افتتاح پر عوام کی بڑی تعداد اُمڈ آئی، مارٹ تہس نہس ہوگیا

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مارٹ کے افتتاح کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، لوگوں کے زبردستی مارٹ میں داخل ہونے سے مارٹ تہس نہس ہوگیا ، ڈنڈا بردار افراد نے توڑ پھوڑ بھی کی۔

جوہر انڈر پاس کے قریب مارٹ کا افتتاح ہونا تھا ۔ افتتاح سے قبل ہی ہزاروں کی تعداد میں شہری پہنچ گئے جس سے سڑک پر ٹریفک بھی جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

پہلوان گوٹھ کی جانب سے جوہر چورنگی کی جانب آنے والی سڑک مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ۔ لوگ مارٹ کے اندر زبردستی داخل ہوگئے اور کچھ شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ بھی کی۔

اس دوران لوٹ مار کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں لیکن پولیس نے تصدیق نہیں کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہنگامہ آرائی پر قابو پالیا جبکہ مارٹ سے بھی لوگوں کو باہر نکال دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کے حوالے سے اگر مارٹ کے مالکان رپورٹ کرائیں گے تو ضرور رپورٹ درج کی جائے گی ۔