دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم مشکلات کا شکار، 26 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث بنگلادیش کی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹڈیم میں جاری 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے گزشتہ روز کے اسکور 10 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد ہی اوپنر ذاکر حسن ایک رن بنا کر خرم شہزاد کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد شادمان اسلام 10، نجم الحسین شانتو 4 کو بھی خرم شہزاد نے پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں مؤمن الحق ایک اور مشفق الرحیم 3 رنز بنا کر اسپنر میر حمزہ کا نشانہ بنے، ان کے بعد آنے والے شکیب الحسن کو 2 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد نے چلتا کیا۔

گزشتہ روز پاکستان کی ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگڑی تھی، قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 58، شان مسعود 57، سلمان آغا 54 رنز بناکر نمایاں رہےتھے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

عبداللہ شفیق۔ صائم ایوب ۔ شان مسعود (کپتان) بابر اعظم ۔ سعود شکیل ( نائب کپتان) محمد رضوان ( وکٹ کیپر) سلمان علی آغا ۔ ابراراحمد ۔ میر حمزہ ۔ خرم شہزاد اور محمد علی۔

بنگلہ دیش پلیئنگ الیون

نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، شادمان اسلام، شکیب الحسن، ذاکر حسن اور تسکین احمد۔

میچ آفیشلز

رچرڈ کیٹل برو اور مائیکل گف ( آن فیلڈ امپائرز) آصف یعقوب (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)