سینیٹ میں سیف اللہ ابڑو اور شہادت اعوان میں تلخ کلامی، اجلاس روک دیا گیا

سینیٹ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور پیپلزپارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، سیف اللہ ابڑو کی جانب سے کرسی مارنے کا کہنے پر شہادت اعوان غصے میں آگئے اور الزامات کی بارش کردی جبکہ دیگر سینیٹرز معاملہ رفع دفع کرانے میں ناکام ہوگئے، معاملے پر کمیٹی بنانے پر اتفاق بھی کارگرثابت نہ ہوا اور ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لیے متلوی کردی پڑی۔

سینیٹ اجلاس پینل آف چئیرعرفان صدیقی کی صدارت میں شروع ہوا تو سینیٹرمسرور احسن نے پوائنٹ آف آرڈر پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی معزز ممبر کی دوسرا ممبر بےعزتی کرے اور اخبار کی زینت بنے اس پر افسوس ہے دیگر سینیٹرز نے بھی مذمت کی۔

پریذائیڈنگ آفیسر نے ہاؤس میں مذمت پر اعتراض کیا تو وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ معاملات پر چشم پوشی نہ کریں، ورنہ معمالات دورتک جائیں گے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے معاملے پر کمیٹی بنانے کا مؤقف پیش کیا تو اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے بھی اس کی حمایت کی۔

سینیٹرشہادت اعوان نے مائیک سنبھالتے ہی سیف اللہ ابڑو کو بدتمیز آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کو ایوان میں نہیں بیٹھنا چاہیئے۔

دیگر اراکین بھی سینیٹر شہادت اعوان کو خاموش نہ کروا سکے، ایوان کا ماحول کشیدہ ہونے پر عرفان صدیقی نے اجلاس کی کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کردی۔