تیزاب گردی کی روک تھام : پنجاب میں تیزاب کی فروخت کیلیے لائسنس متعارف کروانے کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے تیزاب گردی کی روک تھام کے لیے تیزاب کی فروخت کیلیے لائسنس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چئیر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا بٹ نے پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2024  پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادیا۔ بل کے تحت تیزاب کی فروخت کے لیے لائسنس متعارف کروایا جائے گا۔ بل منظوری کے بعد پنجاب میں فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

حنا بٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بل کے تحت تیزاب کے کسی بھی بیوپاری کو لائسسنگ اتھارٹی سے اجازت نامہ لینا ہوگا۔ متعلقہ ضلع کا ڈی سی لائسنس جاری کرنے کا مجاز ہوگا۔ لائسنسگ اتھارٹی کی جانب سے جاری اجازت نامے کی معیاد 2 سال ہوگی۔ مقررہ مدت پوری ہونے پر لائسنس کی تجدید کروانا ہوگی۔ کسی بھی قانونی خلاف ورزی کی صورت میں مجاز اتھارٹی لائسنس کو منسوخ کرسکتی ہے۔

چئیرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے مزید کہا کہ اس قانون کے نفاذ کے 120 دن کے اندر لائسنس نہ لینے والوں کو بھاری جرمانہ اور سزا ہوگی۔ بل کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد پر تیزاب کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔ بل کا مقصد تیزاب گردی کے سدباب کے لیے تیزاب کی خرید و فروخت کو منظم کرنا ہے۔