کراچی: آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ایچ ایم شہزاد نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں پرانی گاڑیوں کی امپورٹ پر ڈیوٹی کم اور ایج لیمٹ 3 سے بڑھا کر 5 سال کیے جانے کا امکان ہے، جس سے گاڑیوں کی قیمت 5 سے 10 لاکھ روپے تک کم ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے پانچ سال میں گاڑیوں پر بھاری ٹیکسز کم کیے جائیں گے۔ اگر یہ فیصلے ہوئے تو چھوٹی گاڑیاں 20 لاکھ روپے سے کم میں دستیاب ہو سکتی ہیں۔
شہزاد کے مطابق جاپان میں پانچ سال پرانی گاڑی تین سال پرانی کے مقابلے میں آدھی قیمت پر ملتی ہے، جس سے پاکستانی صارفین کو بڑا فائدہ ہوگا۔ اس وقت امپورٹ پر 96 سے 475 فیصد تک ڈیوٹیز ہیں، جنہیں ہر سال 20 فیصد تک کم کرنے کی تجویز ہے۔
اگر یہ اقدامات نافذ ہو گئے تو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد 30 ہزار سے بڑھ کر 70 سے 80 ہزار یونٹس تک جا سکتی ہے، جس سے حکومت کو زیادہ ریونیو اور عوام کو سستی گاڑیاں ملیں گی۔
شہزاد کا کہنا ہے کہ اس سے مقامی کار ساز اداروں کو بھی معیار بہتر بنانے پر مجبور ہونا پڑے گا، کیونکہ مسابقت بڑھے گی۔
