امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کو حق دینا ہوگا، راولپنڈی معاہدے پر عملدرآمد کرائیں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ نظام بوسیدہ، مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہے، نوجوان نکلیں گے تو سب کچھ بہا لے جائیں گے، راولپنڈی معاہدے پر عملدرآمد کرائیں گے، ایک ایک دن گن رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کا تعاقب کریں گے، عوام کو حق دینا ہوگا، جماعت اسلامی کے پاس ہڑتالوں، بجلی بلوں کے بائیکاٹ سمیت کئی آپشن موجود ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والوں نے ملک تباہ، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ اقتدار کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرتے ہیں، نہ ملے تو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں، پورے پاکستان کے لیے بجلی ٹیرف میں کمی کی جائے، لاگت کے مطابق بجلی کی قیمت ہونی چاہیے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکس ختم کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ حکومت نے جو تاجر اور تجارت دشمن سکیم متعارف کرائی اسے واپس لیا جائے۔