ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کو پہلی ناکامی کا سامنا، بھارت نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔

چین کے شہر ہولینبیور میں ہونے والے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے آج کے مقابلے میں روایتی حریف بھارت نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد دو ایک سے میچ جیت لیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے احمد ندیم نے پہلے کوارٹر میں گول کر کے قومی ٹیم کو برتری دلائی تاہم بھارتی کپتان ہرمن پریت نے دو گول اسکور کر کے مقابلہ فیصلہ کن بنادیا۔

 گرین شرٹس نے پینلٹی پر گول کرنے کے مواقع بھی گنوائے، ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم بھی اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے، تاہم اس ایونٹ میں دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں سیمی فائنلز 17 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کا میچ کس ٹیم کے ساتھ ہوگا۔

اس سے قبل بھارت 4 مرتبہ اور پاکستان 3 مرتبہ ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے، ہاکی کی عالمی رینکنگ میں بھارت پانچویں اور پاکستان 16 ویں نمبر پر موجود ہے۔