ہندوانتہاپسند پارٹی نے فواد خان کے بھارتی فینز کو غدار قرار دے دیا

ممبئی: ہندو انتہاپسندوں نے پاکستان کی کامیاب ترین فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی بھارت میں ریلیز رکوانے کی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہاپسند جماعت نو نریمان سینا نے دھمکی دی ہے کہ بھارت میں پاکستانی فلموں کو  ریلیز  نہیں ہونے دیا جائے گا اور پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نونریمان سینا کے رہنما امیا کوپکر نے دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ  اداکار فواد خان کوپسند کرنے والے بھارتی غدار ہیں۔ بھارتی فلم کمپنی کا پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز کرنے کا اعلان اشتعال انگیز ہے۔ ہمارے رہنما راج ٹھاکرے کا حکم ہے کہ پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز نہ ہونے دیا جائے اور ہم ان کے حکم پر عمل کریں گے۔راج ٹھاکرے پاکستان اور مسلمان دشمن بال ٹھاکرے کا بھتیجا ہے۔

فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی اسٹار کاسٹ پر مشتمل پاکستان کی کامیاب ترین فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2 اکتوبر سے بھارتی سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فواد خان کی 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 1979 میں ریلیز ہونے والی ہٹ فلم مولاجٹ کا ری میک ہے۔