خوبصورت اور لمبے بالوں والی پاکستانی اداکارہ نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے انڈسٹری میں بال کٹوانے پر زور دیا جاتا ہے لیکن میں اپنے بال کسی صورت نہیں کٹواؤں گی۔
نعیمہ بٹ کے لمبے، خوبصورت بال سب کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں، اس حوالے سے اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس انڈسٹری میں میرے بالوں کا مسئلہ رہا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے کئی بار کہا گیا کہ بال کٹوا لیں، اسٹائلنگ کا مسئلہ ہوتا ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ اگر آپ بال کٹوالیں گی تو تھوڑی ماڈرن لگیں گی لیکن میں ان مشوروں پر کان نہیں دھرتی کیونکہ مجھے اپنے بال بہت پسند ہیں اور مجھے لگتا ہے بال میرے لیے بہت خاص ہیں۔
نعیمہ بٹ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ میرے گھٹنے تک لمبے بال تھے، دل پر پتھر رکھ کر میں نے بہت تھوڑے سے بال کٹوائے ہیں، اپنے بال مزید چھوٹے نہیں کرواؤں گی۔
دوسری جانب نعیمہ بٹ کے ساتھ اداکار عماد عرفانی نے بھی انٹریو دیا اور ڈرامے کی سیٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کے سیٹ پر بہت فیملی والا ماحول تھا، کبھی ڈرامے کے ڈائریکٹر تو کبھی سینئر اداکار جاوید شیخ اور بشریٰ انصاری کھانا لاتے تھے۔
عماد عرفانی نے کہا کہ ڈرامے کا اہم کردار ادا کرنے والے فہد مصطفیٰ ایک بہترین پروڈیوسر ہیں، ہم دونوں ڈرامے میں ایک دوسرے کیخلاف ہیں لیکن کیمرے کے پیچھے ہمارا تعلق بلکل بھائیوں والا ہے۔
واضح رہے اداکارہ نعیمہ بٹ اور عماد عرفانی عوام میں مقبول ہونے والے ڈرامے 'کبھی میں کبھی تم' میں ایک ساتھ نظر آرہے ہیں اور دونوں ڈرامے میں منفی کردار ادا کررہے ہیں۔