پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے لڑکیوں کی شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شادی میں لڑکیوں کی خود مختار سوچ بہت غلط ہے، لڑکیوں کو شادی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں اداکارہ نے کہا کہ 'شادی صحیح وقت پر کرنی چاہیے، میرے زمانے میں لڑکیوں کی شادی 20 سال کی عمر میں ہوجاتی تھی جو غلط ہے، لڑکیوں کو 25 سال سے پہلے شادی نہیں کرنی چاہیے، شادی کی صحیح عمر 25 سال ہے اور 30 سال کی عمر میں شادی میں بہت دیر ہوجاتی ہے'۔
صبا فیصل نے دیر سے شادی کرنے کے نقصانات بتاتے ہوئے کہا کہ 'دیر سے شادی کرنے سے لڑکیاں روٹین میں جلد ڈھل جاتی ہیں، ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ربڑ کو بہت دیر تک کھینچیں گے تو اس کا کھنچاؤ ختم ہوجائے گا، انسان پھر کرو یا مرو والی پوزیشن میں آجاتا ہے'۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ 'لڑکی کے ذہن کی پختگی سے پہلے شادی ہوجانی چاہیے، میں کوئی دقیانوسی بات نہیں کر رہی یہ میرا تجربہ اور خیال ہے ہو سکتا ہے، بہت سے لوگ اس سے اتفاق بھی نہ کریں'۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'لڑکیاں جب خود مختار ہوجاتی ہیں تو وہ یہ کہتی ہیں کہ شوہر جو کررہا ہے وہ میں بھی کرسکتی تھی، مجھے اس کے سہارے کی ضرورت نہیں تھی، لڑکی کی خود مختار سوچ بہت غلط ہے اور یہ سوچ تب ہی آتی ہے جب آپ مکمل طور پر میچور ہوچکے ہوتے ہیں، آپ کمانا شروع ہوجاتے ہیں اور پھر آپ ایک پاٹنر دیکھتے ہیں شادی کرلیتے ہیں، شادی چلی چلی ورنہ تو نہ چلی'۔
صبا فیصل نے مزید کہا کہ نا صرف میاں بیوی کے رشتے میں سمجھوتہ ضروری ہے، بلکہ ہر رشتے میں سمجھوتہ کرنا ضروری ہوتا ہے، آپ کو ایک منوانی چاہیے اور 10 ماننی چاہئیں، پھر آپ کی زندگی بہت سکون میں چل سکتی ہے۔