بیویوں کو بولڈ لباس پہنانے والے مردوں پر حیرت ہوتی ہے، ثنا خان

 ممبئی: اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے کہا ہے کہ اُنہیں اُن مردوں پر حیرت ہوتی ہے جو اپنی بیویوں کو بولڈ اور تنگ لباس پہنا کر گھر سے باہر لیکر جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ثنا خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ہر مرد چاہتا ہے کہ اُس کی بیوی اچھا لباس پہنے اور خوبصورت نظر آئے لیکن میں جب ایسے مردوں کو دیکھتی ہوں جو اپنی بیویوں کو چھوٹے، تنگ اور بولڈ لباس پہننے کی اجازت دیتے ہیں، تو مجھے بہت عجیب لگتا ہے بلکہ ایسے مردوں پر حیرت ہوتی ہے کہ آپ کیسے اپنے گھر کی عزت کو ایسے لباس پہنا سکتے ہیں۔

ثنا خان نے ایسے مردوں سے سوال کیا کہ آپ بولڈ لباس پہننے پر اپنی بیوی پر فخر کیسے کرسکتے ہیں؟، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی بیوی بہت اچھی لگ رہی ہے؟

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ آپ اپنی بیوی کو بولڈ لباس میں باہر لیکر جائیں اور ایک راہ چلتا مرد آپ کی بیوی کو دیکھ کر نامناسب جملے کہے تو کیا یہ آپ کے لیے فخر کا مقام ہوگا؟

اُنہوں نے کہا کہ مردوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اُن کی بیوی اُن کی عزت ہے، اُنہیں ایسے لباس پہنائے جائیں جس میں آپ دونوں کی عزت قائم رہے۔

ثنا خان نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں، جب میں نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کرنے کا فیصلہ کیا تھا تو اُس وقت مجھے احساس ہوا تھا کہ میں اپنے بولڈ لباس اور ڈانس کی وجہ سے نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہوں۔

واضح رہے کہ ثنا خان نے سال 2020 میں بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور سال 2021 میں اُنہوں نے مفتی انس سید سے شادی کرلی تھی۔

جولائی 2023 میں ثنا خان اور مفتی انس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے طارق جمیل رکھا۔