لائیو کنسرٹ میں مداح نے دلجیت دوسانجھ کو موبائل فون دے مارا

پیرس: بھارت کے معروف گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے لائیو کنسرٹ میں مداح نے اپنا مہنگا ترین آئی فون گلوکار کو دے مارا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں دلجیت دوسانجھ اپنے دلومیناتی ٹور پر ہیں جس میں وہ دُنیا بھر کے مختلف ممالک میں میوزک کنسرٹ کررہے ہیں۔

حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے پیرس میں اپنے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلجیت دوسانجھ اپنی پرفارمنس میں مصروف ہوتے ہیں کہ اچانک ایک مداح سیلفی لینے کی غرض سے اپنا مہنگا فون اُٹھا کر اسٹیج پر پھینک دیتا ہے۔

دلجیت دوسانجھ اپنے مداح کی حرکت پر سہم جاتے ہیں اور پھر جب وہ دیکھتے ہیں کہ مداح نے اپنا قیمتی فون اسٹیج پر پھینکا ہے جو ٹوٹ چکا ہے تو گلوکار فون اُٹھا کر مداح کے نقصان پر پریشانی کا اظہار کرتے ہیں۔

بھارتی گلوکار غصہ کرنے کے بجائے نرم لہجے میں مداح سے کہتے ہیں کہ پاجی! اپنا فون محفوظ رکھیں، میں تم سے پیار کرتا ہوں لیکن آپ کی یہ حرکت اچھی نہیں ہے، آپ وعدہ کریں کہ آپ دوبارہ کبھی بھی ایسا نہیں کریں گے۔

اس موقع پر دلجیت دوسانجھ نے مداح کو اپنی جیکٹ اُتار کر تحفے میں دی جس پر مداح خوشی سے جھوم اُٹھا تھا۔

گلوکار نے جیکٹ دیتے ہوئے مداح سے کہا کہ دوبارہ کبھی کسی بھی فنکار کے ساتھ ایسا نہیں کرنا، یہ اچھی بات نہیں ہے۔