قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کی جان کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس اور سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ملک کے دفاع اور امن کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، اپوزیشن لیڈر نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہید اہلکار کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔