صوبائی انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، پی ایف ایف

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ صوبائی انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ہارون ملک نے کہا کہ فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن چارٹر کے تحت کام کیا، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے منصفانہ اور شفاف عمل یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا، کلبز کی تاریخی اسکروٹنی کے بعد ضلعی انتخابات مکمل ہوئے۔

ہارون ملک نے مزید کہا کہ صوبائی انتخابات میں فٹبال برادری کی بھرپور شرکت نارملائزیشن کمیٹی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ میں سے حقیقی کلبز کا تعین کیا گیا، این سی نے پاکستان فٹبال کے وسیع تر آپریشنز کو منظم کیا۔

چیئرمین ہارون ملک نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز کی میزبانی کا اعزازحاصل کیا، فٹبال کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سرگرمیاں بحال کی گئیں۔