اسلام آباد سے 7 ملکوں کے سیاح پہلی مرتبہ رکشوں پر خنجراب بارڈر پہنچ گئے، رکشوں پر سفر کرنے کا آئیڈیا مقامی ٹور کمپنی نے دیا جسے ٹک ٹک ایڈونچر کا نام دیا گیا۔
ٹور کمپنی کی جانب سے 10 آٹو رکشوں کا بندوبست کیا گیا جنھوں نے 24 ستمبر کو اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ٹور گائیڈ عبدالرحیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی سیاحوں کے لیے راولپنڈی سے خصوصی طور پر رکشے کرائے پر حاصل کیے گئے جنھیں سیاح خود ڈرائیو کرکے گلگت بلتستان تک پہنچے۔
انھوں نے کہا کہ اس سیاحتی مہم میں کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، ڈنمارک، آئرلینڈ اور امریکا کے سیاح شامل تھے۔ تمام سیاحوں کا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنا ہوا ہے جبکہ رکشے کا سفر طویل ہونے کی وجہ سے سیاحوں کے لیے بالاکوٹ، بٹاکنڈی اور چلاس میں قیام کا انتظام کیا گیا تھا۔
خاتون سیاح چارلیٹ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان تک سفر دشوار اور تھکا دینے والا تھا، مگر رکشے پر سفر کے باعث یہ یادگار رہا، گروپ ہیڈ مارک کا کہنا تھا کہ رکشوں کے ذریعے یہاں پہنچنا چیلنج ہے، پاکستان پہنچ کر رکشے چلانیکی خوب پریکٹس کی۔ خاتون سیاح انجی ٹیلر کے مطابق سحرانگیز مناظر کا کوئی ثانی نہیں، برف سے ڈھکی چوٹیاں شاندار سیاحتی مقامات ہیں۔