مقبول ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں رباب کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں اپنے بال نہ کٹوانے پر ایک بار انہیں ڈرامے میں کاسٹ کرنے سے انکار کیا گیا۔
نعیمہ بٹ نے بھارتی صحافی فریدون شہریار کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں ان کے کردار کو کافی سراہا جا رہا ہے، بڑی عمر کی خواتین کسی جگہ ان سے ملتی ہیں تو ان کا ماتھا چوم کر ان کی تعریفیں کرنے لگتی ہیں۔
ان کے مطابق ڈرامے کے آغاز میں انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور خواہش ظاہر کی گئی کہ وہ ڈرامے میں نہ ہوں تو اچھا ہے لیکن اب ہر کوئی ڈرامے میں ان کی موجودگی پر شکرانے ادا کرتا ہے۔
بالوں کو کٹوانے کے مشورے پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں بال نہ کٹوانے کی وجہ سے انہیں کاسٹ کرنے سے انکار کیا گیا۔
نعیمہ بٹ کا کہنا تھا کہ ہر اداکار کو کردار کی وجہ سے کبھی نہ کبھی سمجھوتا کرنا پڑتا ہے اور وہ کردار کی وجہ سے بہت ساری چیزوں کی قربانی بھی دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور اداکار انہوں نے بھی متعدد بار ہدایت کاروں سمیت دیگر کی فرمائش پر سمجھوتے کیے اور اس میں کچھ غلط بھی نہیں لیکن ہر اداکار ایک خاص حد تک قربانی دے سکتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں وہ قربانی دے سکتی تھیں اور خود میں تبدیلیاں کر سکتی تھیں، انہوں نے کیں لیکن انہوں نے بالوں کو کٹوانا مناسب نہیں سمجھا، اس لیے انہوں نے بالوں کو چھوٹا کروانے کے مشوروں پر عمل نہیں کیا۔
نعیمہ بٹ کے مطابق انہیں کہا گیا کہ بال چھوٹے کروانے سے وہ مزید خوبصورت نظر آئیں گی، وہ اپنی عمر سے کم عمر دکھیں گی جب کہ وہ دلکش و ماڈرن بھی ہوجائیں گی لیکن اس باوجود انہوں نے بال نہ کٹوانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بال ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کے لیے بحث کا موضوع رہے ہیں، انہیں ماضی میں ایک ڈرامے میں کاسٹ کیا جانا تھا لیکن انہیں بال کٹوانے کا کہا گیا۔
نعیمہ بٹ نے بتایا کہ ہدایت کار نے دوسرے لوگوں سے متعدد بار پوچھا کہ اداکارہ نے بال کٹوائے ہیں یا نہیں اور پھر انہیں ڈرامے کی ٹیم کی جانب سے آخری بار فون کال آئی اور ان سے بال کٹوانے سے متعلق پوچھا گیا۔
ان کے مطابق ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے بال کٹوائے ہیں یا نہیں اور اگر نہیں کٹوائے تو وہ انہیں کٹوانے کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے نفی میں جواب دیا اور صاف کیا کہ وہ بال نہیں کٹوا سکتیں، اس کے بعد انہیں دوبارہ ڈرامے کی ٹیم کی جانب سے کال نہیں آئی، انہیں کاسٹ نہیں کیا گیا۔
اگرچہ نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا کہ بال نہ کٹوانے کی وجہ سے انہیں کاسٹ نہیں کیا گیا لیکن انہوں نے ڈرامے اور ہدایت کار کا نام نہیں بتایا۔
اس سے قبل بھی نعیمہ بٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے بالوں سے شوبز انڈسٹری کو مسئلہ رہا ہے، ہر کوئی انہیں بال کٹوانے کے مشورے دے چکا ہے لیکن انہوں نے کسی بات نہیں مانی۔