آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: سری لنکا کو شکست دیکر پاکستان کا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم  نے سری لنکن ویمنز ٹیم کو 31 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ اے کے میچ میں پاکستان ویمنز نے سری لنکا کے خلاف  ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 116 رنز بنائے اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے  کپتان فاطمہ ثناء 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ ندا ڈار نے 23رنز اسکور کیے۔ 

 117 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس  دکھائی دی اور مقررہ 20 اوورزمیں 9 وکٹ پر 85 رنز ہی بنا سکی۔

یوں پاکستان ویمنز ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں ایشین چیمپئنز سری لنکا کو 31 رنز سے ہرا دیا۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 3 ، اُمائمہ سہیل ، فاطمہ ثناء اور نشرہ سندھو نے 2،2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر کپتان فاطمہ ثناء کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ویمنز کا دوسرا میچ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔