پی ٹی ایم کا ساتھ دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، شناختی کارڈ و پاسپورٹ بلاک ہوگا: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو ریاست سے علیحدگی کی بات کرے گا، یا ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا وہ ہمارا دشمن ہے اور کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا ساتھ دینے والوں کیخلاف کارروائی بھی ہوگی، شناختی کارڈ بھی بلاک ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھاکہ  جرگہ کرنے پر کسی کوئی اعتراض نہیں، کے پی میں پہلے بھی جرگے ہوئے، آئندہ بھی ہوں گے، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا لانا جرگہ نہیں ہوتا، ایک طرف ایک جرگہ دوسری طرف عدالت کہہ رہے ہیں، کسی صورت متوازی عدالتی نظام کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ایک طرف ریاستی اداروں، حکومتوں کو گالیاں دے رہے ہیں، حقوق کی بات ضرور کرو،لیکن ساتھ میں بندوق اٹھانے کی بات نہ کرو، حکومت حقوق کی بات پر بیٹھنے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ جو ریاست سے علیحدگی کی بات کرے گا یا ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا وہ ہمارا دشمن ہے، جو بھی کالعدم پی ٹی ایم کو پابندی کے بعد سہولت کاری فراہم کرے گا نرغے میں آئے گا اور پکڑا جائے گا، ان کی فنڈنگ سے متعلق ثبوت کچھ دنوں میں شیئر کریں گے، ان کا ایجنڈا دیکھیں، ان کو بیرون ملک سے ڈاکیومنٹریز بناکر دی گئیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ آپ کئی سال سے ریاستی اداروں کوگالیاں دیتے رہے تب ہم نے پابندی عائد کی،  کے پی حکومت نے54 لوگ فورتھ شیڈول میں ڈالے، 34 بلوچستان حکومت نے ڈالے، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ گالی دیتے جائیں اور ریاست کچھ نہ کرے جو  بھی ان کو سہولت دیں گے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، جو پی ٹی ایم کوکسی بھی طرح سہولت دیں گے ان کوبھی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور سیاسی جماعتوں پرپابندی کاسامنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  سب سے پہلے پاکستان آتا ہے اسکے بعد ساری چیزیں آتی ہیں، ایسے عناصر کے بیرونی آقاؤں کیلئے پیغام ہے جیسا ہمارے ملک میں کرو گے، ویسا ہی سلوک تمہارے ساتھ کریں گے پھر ہم سے یہ توقع نہ کی جائے کہ فساد کے جواب میں ہم چپ بیٹھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ پہلے علی امین گنڈاپور سے پوچھ لیں کہ آئی جی اسلام آباد ان سے ملا تھا یا نہیں، گنڈاپور نے پہلے ایک بیان دیا، اگلے دن کوئی اور بیان دیا، یہ علی امین گنڈاپور سے ہی پوچھیں کہ وہ 24 گھنٹے کہاں غائب رہے؟

انہوں نے کہاکہ گنڈاپور کا اسلام آباد کو ہاتھ لگاکر کہنا کہ ڈی چوک پہنچ گیا تھا مناسب نہیں، اسلام آباد میں اتنا بڑا جتھا آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم ) پر پابندی عائد کی تھی۔

وزارت داخلہ کے اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ پی ٹی ایم ملک میں امن و سکیورٹی کیلئے خطرہ ہے، 1997 کے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔