نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ویمن ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا ٹائٹل جیت لیا

آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نےجنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقی ویمن ٹیم کی کپتان لورا وولوارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

کیوی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور کیے، نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹر سوزی بیٹس نے 32، امیلا کر 43 اور بروکلے ہالیڈے نے 38 رنز اسکور کیے،جنوبی افریقہ کی جانب سے بائیں ہاتھ کی گیند باز نونخولیکوملابا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اوپننگ بیٹرز نے پہلی وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت داری قائم کی، لورا وولوارڈ نے 27 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے جبکہ تازمین برٹس 17 رنز بنا کر نمایاں رہی۔

تاہم بہترین آغاز کے بعد پروٹیز کی یکے بعد دیگرے وکٹوں نے ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا، اوپنرز کے بعد آنے والی بیٹرز اینیک بوش 9، مارزین کیپ 8 اور ندین ڈی کلارک 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، یوں کیوی ٹیم کے باؤلرز کی گھومتی گیندوں کے سامنے افریقی بیٹرز بے بس نظر آئیں اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 126 رنز بنا سکی۔

کیوی ٹیم کی جانب سے روزمیری مائر اور امیلا کر کی تباہ کن باؤلنگ نے ٹیم کو ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، روز میری میر اور امیلا کر نے مجموعی طور پر 4 اوورز میں بالترتیب 25 اور 24 رنز کے عوض 3، 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

امیلاکر کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ یہ کیوی ویمن ٹیم کا 2010 کے بعد پہلا ٹی ٹوئنٹی فائنل ہے، جس میں نیوزی لینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔