خواب میں حضورؐ کی زیارت کے بعد شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا، زرنش خان

مذہب کی خاطر شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی کرنے والی سابق اداکارہ زرنش خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خواب میں نبی کریمؐ کی زیارت کی تھی جس کے بعد شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں عمرے پر گئی تو وہاں موجود لوگوں کو دیکھے جارہی تھی جو لوگ عبادت کررہے تھے، رو رہے تھے، اور ان کو دیکھ کر میں بہت شرمندہ تھی، مجھے اپنا آپ اللہ تعالی کے سامنے بہت حقیر لگ رہا تھا، اس وقت میرے احساسات ایسے تھے کہ میں اللہ کے گھر کے سامنے کھڑے ہونے کا حق ہی نہیں رکھتی۔

زرنش خان نے بتایا کہ اس کے بعد میں گھر گئی اور واقعہ معراج سنتے سنتے سو گئی، جس کے بعد خواب میں مجھے حضورؐ کی زیارت ہوئی، زرنش نے بتایا کہ میری اتنی اوقات نہیں کہ مجھ جیسی گناہگار کے خواب میں وہ آئیں، لیکن نبی کریمؐ مجھ سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ اللہ کے گھر آئی ہو اور رو کر معافی نہیں مانگی، اللہ تعالی تو سب کو معاف کرتے ہیں تو جا کر رو کر معافی مانگو۔

انہوں نے کہا کہ یہ سن کر میں جاگ گئی اور رونے لگی اور 2 سے 3 گھنٹے روتی رہی، اور مجھے یہ شرمندگی ہوتی رہی کہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ اتنی بڑی ہستی مجھ جیسی گناہ گار کے خواب میں آئی۔

انہوں نے بتایا کہ اسی وقت اللہ کی مدد سے میں نے ایک فیصلہ کیا، اللہ نے میرے دل میں خیال ڈالا کہ مجھے یہ سب ابھی اسی وقت چھوڑنا ہوگا چنانچہ اسی وقت میں نے اپنا پورا سوشل میڈیا کانٹینٹ ڈیلیٹ کردیا۔