جب کوئی فلم نہیں بنا رہا، تو خود بناؤں گا: فہد مصطفیٰ

پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ رواں سال دو نئی فلموں کی تیاری کر رہے ہیں، جن میں سے ایک 2026 اور دوسری 2027 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ وہ پہلی بار اپنے لیے فلم بنا رہے ہیں کیونکہ اس وقت فلم انڈسٹری میں پروڈکشن کا عمل سست روی کا شکار ہے اور بہت کم لوگ فلمیں بنا رہے ہیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ بیشتر اداکار خود کو فلموں میں کاسٹ کرتے ہیں، جیسے ہمایوں سعید نے 'لو گرو' میں کیا، تو کیا آپ بھی یہی کر رہے ہیں؟ جس پر فہد مصطفیٰ نے جواب دیا کہ جسے فلم کرنی ہے وہ خود بنا لے۔ میں نے اب تک خود کو اپنی کسی فلم میں نہیں کاسٹ کیا، لیکن اس بار صورتحال مختلف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے رسک لینا پڑتا ہے اور وہ اور ہمایوں سعید اس رسک کو قبول کرتے ہوئے فلمیں پروڈیوس کر رہے ہیں۔