معروف تھیٹر اور ڈرامہ اداکارہ روبی انعم نے ایک ٹی وی پروگرام میں ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر اظہر کو ان کے شادی سے قبل کی تمام محبتوں اور دوستیوں کا علم تھا اور یہ سب کچھ انہوں نے کبھی چھپایا نہیں۔
روبی انعم نے بتایا کہ انہوں نے نویں جماعت میں تھیٹر سے اداکاری کا آغاز کیا، جس پر ابتدا میں ان کی والدہ اور رشتہ داروں کی جانب سے مخالفت کی گئی، تاہم ان کے والد نے مکمل ساتھ دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے سسرال والوں کو آج بھی تھیٹر پسند نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی میں تاخیر ہوئی اور انہوں نے صرف ایک بار ہی شادی کی، وہ بھی والد کے انتقال کے بعد والدہ کے اصرار پر۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص سے وہ شادی کرنا چاہتی تھیں، وہ شادی شدہ تھا، اس لیے والدہ نے رضامندی نہیں دی۔
روبی انعم نے بتایا کہ ان کی ارینج میرج ہوئی اور ان کے شوہر اظہر کشمیری ہیں۔ ان کی شادی کو 17 سال ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر نے ہی انہیں فیشن اور گرومنگ سکھائی۔