آئی ایم ایف پیکج کے بعد پاکستان کو دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز کی راہ ہموار

آئی ایم ایف سے پاکستان کو 7 ارب ڈالرز کا نیا قرض پروگرام ملنے کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز کی راہ ہموار ہوگئی۔

پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 4 سالوں کے دوران بجٹ سپورٹ کی مد میں دو ارب 75 کروڑ ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔ 

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال ایشیائی ترقیاتی بینک سے 80 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ کی مد میں ملنے کا امکان ہے جبکہ اگلے تین مالی سال کے دوران پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے سالانہ 65 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2025۔26 سے لیکر مالی سال 2027۔28 تک پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے ہر سال 65 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ میں ملنے کی توقع ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس سے آنے والے سالوں پاکستان کو بہتر فنانسنگ ملنے کے امکانات روشن ہیں۔