ایک پاؤ آلو چوری ہونے پر شہری نے پولیس بلا لی، ویڈیو وائرل

بھارت میں نشے میں دھت شخص نے ایک پاؤ آلو چوری ہونے پر پولیس بلا لی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں دیوالی کے موقع پر نشے میں دھت شخص نے صرف ایک پاؤ آلو چوری ہونے پر پولیس کو کال کردی۔

جب پولیس موقع پر پہنچی تو انہوں نے وجے ورما کو پریشان دیکھا، پوچھ گچھ پر واضح ہوا کہ اس نے شراب کے نشے میں چوری کی اطلاع دی تھی۔

وجے ورما نے پولیس کو بتایا کہ اس کے گھر سے 250 گرام آلو غائب ہیں جو اس نے چھیل کر رکھے تھے۔

اس نے پولیس سے اصرار کیا کہ چوری کیے گئے آلو کو تلاش کیا جائے، وجے نے پولیس کو بتایا کہ دیوالی کا جشن منانے کے بعد اس نے آلو پکانے کا ارادہ کیا لیکن گھر واپس آیا تو آلو غائب تھے۔

پولیس نے دلچسپ صورت حال کی وجہ سے بات چیت کی ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کردی جو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ ہم سخت محنت کرتے ہیں اور شام کو کبھی کبھار شراب نوشی کرلیتے ہیں لیکن میں آلو کے بارے میں بات کررہا ہوں اسے تلاش کریں۔

مذکورہ شخص کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔