نوجوان اللہ پرایمان مضبوط رکھیں، لوگ میری باتوں کا مذاق اڑاتے ہیں: نعمان اعجاز

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے نوجوانوں کو اللہ پر کامل یقین رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں اداکار نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے کہا کہ یہ سچ ہے ہمیں ہر چیز اللہ سے ملتی ہے، ہم یہ سب نعمتیں کیسے حاصل کرسکتے ہیں،  ہم خود کیا کر سکتے ہیں؟ ہم کچھ نہیں کرسکتے، اسی لیے ہمیں اللہ کا زیادہ سے زیادہ شکر ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہوکر کہا کہ میں یہ باتیں آپ سب کو متاثر کرنے کیلئے نہیں کر رہا ہے لیکن یہ ہی حقیقت ہے کہ ہمارا ایمان مضبوط ہونا چاہیے۔

سینئر اداکارکا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ نوجوانوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ خود پر یقین رکھنا سیکھیں اور ہمیشہ اللہ سے امیدیں رکھیں، آج جو کچھ مجھے کامیابی ملی ہے اس کیلئے میں نے بہت انتظار کیا ہے، میں نے بہت جدوجہد کی ہے، لوگ میری باتوں کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن میں ان پر دھیان نہیں دیتا، خود پر یقین رکھیں اور اپنے کام پر توجہ دیں۔

انٹرویو کے آخر میں نعمان اعجاز نے کہا کہ ہمیشہ اللہ کا شکر ادا کریں، ناکامی کے بعد اللہ پر الزام نہ لگائیں،خالق آپ کے بارے میں برا نہیں سوچ سکتا، اللہ پر اپنا توکل مضبوط کریں۔