آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر پہنچ گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا شاہی محل آمد پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں علاقائی امن، دفاعی اور سیکورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کےلیے مستقل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام میں سعودی ولی عہد کے کردار کی تعریف کی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی معاون وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللّٰہ العتیبی، رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف ائیر چیف مارشل فیاض بن حمید اور چیف آف رائل سعودی فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود سے بھی ملاقاتیں کیں۔