رائے پور: بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کو ممبئی پولیس نے بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے گرفتار کیا جس نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی شکایت پر بھتہ خوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ گرفتار ملزم فیضان پیشے سے وکیل ہے جس نے اداکار پر فرقہ وارانہ دشمنی بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے باندرہ پولیس اسٹیشن میں شاہ رخ خان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا۔
ملزمان فیضان نے اداکار کی 1993 میں بننے والی فلم ’انجام‘ کا حوالہ دیا جس میں شاہ رخ کو ایک ہرن کو مارتے ہوئے دکھایا گیا اور فیضان نے دعویٰ کیا کہ یہ عمل بشنوئی برادری کے لیے ناگوار تھا کیونکہ وہ لوگ ہرن کو اپنی مذہبی روایت کے طور پر عزت دیتے ہیں۔
ملزم فیضان کے مطابق اس کا تعلق راجستھان سے ہے اور بشنوئی برادری سے اس کی گہری دوستی ہے، ہرنوں کی حفاظت کرنا ان کے مذہب میں ہے لہٰذا اگر کوئی مسلمان ہرن کے بارے میں ایسا کچھ کہے تو یہ قابل مذمت ہے، اس لیے اس نے شاہ رخ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔