190 ملین پاؤنڈ کیس؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے احکامات کالعدم

اسلام آباد:

190 ملین پاؤنڈ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے دو احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر 9 صفحات کا فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ٹرائل کورٹ بریت کی دونوں درخواستوں پر دربارہ فیصلہ کرے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ٹرائل آخری اسٹیج پر پہنچ چکا ہے، نیب نے موقف دیا کہ عدالتی نظیروں کے مطابق بریت کی درخواست اس اسٹیج پر قابل سماعت نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیشل جج سینٹرل نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت درخواست خارج کا تفصیلی آرڈر جاری کیا تھا، 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں ملزمان کی درخواستیں خارج کرنے کے حوالے سے مختلف الزامات کا ذکر کیا گیا۔

فیصلے میں لکھا تھا کہ درخواست گزاروں پر الزام ہے انہوں نے 2021 میں سعودی عرب کے ولی عہد سے بلغاری جیولری سیٹ وصول کیا، جیولری سیٹ میں بریسلیٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلیس شامل تھے۔ مذکورہ تحفہ مبینہ طور پر توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا۔

تفصیلی آرڈر میں مزید کہا گیا کہ ڈپٹی ملٹری سیکریٹری نے جیولری سیٹ کی اطلاع قیمت کے تعین کے ساتھ دی تھی، قیمت کا تعین پرائیویٹ اپریزر صہیب عباس اور پھر کسٹم حکام کے ذریعے کیا گیا، انڈر ویلیو تخمینہ حاصل کرنے کیلیے اثرو رسوخ استعمال کیا گیا۔