قلات : شاہ مردان میں سکیورٹی فورسزکی پوسٹ پر حملہ، دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے 7 جوان شہید

بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسزکی پوسٹ پر حملے میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے شاہ مردان میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسزکی پوسٹ پر 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات حملے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگردہلاک ہوگئے جبکہ 4 دہشت گرد زخمی ہوئے۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماراعزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔