وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پی ایم سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں وزیرِ اعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کے لوگوں اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔