آل پارٹیز کانفرنس : بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کی عوام کا ہے، لاپتا افراد کا معاملہ حل ہونا چاہیئے

بلوچستان میں بے امنی کے بڑھتے واقعات پر جماعت اسلامی نے کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی۔

کانفرنس میں نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمیعت علمائے اسلام، تحریک انصاف اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

کانفرنس میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے صوبے میں بےامنی کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا۔

کانفرنس سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی آواز کو سنا جائے اور لاپتا افراد کا معاملہ اب حل ہونا چاہیے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، یہ آئینی حق ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا مسائل کے حل کے لیے قومی سیاسی قیادت اپنے شعور کا مظاہرہ کرے، سیاسی قیادت کو قومی ترجیحات پر یکجا ہونا چاہیے۔