اراکین اسمبلی احتجاج میں 5 ہزار افراد لائیں ، بشریٰ بی بی کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبرکے احتجاج کی کال کے حوالے سے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں ، احتجاج کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی قیادت کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں ۔

بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے ساتھ 5 ہزار افراد لے کر آئیں گے، کارکنان کی گاڑیوں اور خوراک کا انتظام اراکین پارلیمنٹ کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے مزید کہا کہ اراکین پارلیمنٹ قافلے میں موجود تمام گاڑیوں کی ویڈیو بنائیں گے، ویڈیو بنانے کی ذمہ داری بھی اراکین پارلیمنٹ کی ہو گی۔

دریں اثنا بشریٰ بی بی سے آئی ایس ایف اور یوتھ لیڈرز نے گزشتہ روزتفصیلی ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران بشری بی بی نے انہیں بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی کی نوجوانوں سے بہت توقعات ہیں ، پی ٹی آئی کے 24 نومبرکے احتجاج کے حوالے سے نوجوانوں کو متحرک کیا جائے۔

بعد ازاں بشری بی بی نے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، انہوں نے عہدیداران کو احتجاج کےحوالے سے ضروری ہدایات دیں۔