وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موجودہ حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے بعض امور پر تحفظات سامنے آنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے بعض تحفظات دور کرنے کی ذمہ داری نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو سونپی ہے۔
کراچی میں بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں گفتگو کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وعدوں سے انحراف کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے آئین سازی کے وقت برابری کی باتیں کیں، لیکن آئین سازی کے وقت حکومت اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی، دیہی سندھ سے ججز ہوتے تو برابری کی بات کرتا، جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا، میں جوڈیشل کمیشن سے احتجاجاً الگ ہوا۔