کسٹمز کی کارروائیوں : 44 کروڑ سے زائد کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد

کسٹمز کی مختلف کارروائیوں میں 44کروڑ سے زائد کی نان  کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کرلی گئیں۔
 

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت 3 مختلف علاقوں چھاپا مار کارروائیوں میں 44کروڑ 51لاکھ روپے کی ہیوی بائیکس اور نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کرلیں۔ 

حساس ادارے کی معلومات کی بنیاد پر کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے  صدر، ڈیفنس فیز ون کے گوداموں اور ملیرکینٹ کے میں چھاپا مار کارروائیاں کی گئیں۔ 

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رضا نقوی نے ایکسپریس کو بتایا کہ صدر اور ڈیفنس فیز ٹو میں واقع 2 گوداموں سے اسمگل شدہ ہیوی اسپورٹس بائیکس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کرلی گئیں۔ 

اسمگل شدہ 37ہیوی اسپورٹس بائیک کی مالیت 10کروڑ 76لاکھ روپے ہے جب کہ ملیرکینٹ سے 26کروڑ 42لاکھ مالیت کی 21 نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کو تحویل میں لے کر ضبط کرکے کسٹمز اے ایس او گودام میں منتقل کردیا گیا ہے اور کسٹم ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت  مقدمہ درج کرکے مزید  تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔