24 نومبر سے پہلے جسے بات کرنی ہے براہ راست عمران خان سے کرے، علی محمد خان

راولپنڈی:

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر سے پہلے جسے بات کرنی ہے براہ راست عمران خان سے کرے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے لیے وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست سے دور رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی جو کال دی ہے وہ فائنل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے لیے 24 نومبر کا دن اہمیت کا حامل ہے۔ 24 نومبر کا احتجاج کا مقصد آئین و قانون کی حکمرانی کرنا ہے۔  عوام کے دلوں سے یہ لوگ بانی پی ٹی آئی کو نہیں نکال سکے ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ جس نے بھی ڈائیلاگ کرنا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست کرے۔ 24 نومبر سے پہلے جو بات کرنا چاہتا ہے، براہ راست بانی پی ٹی آئی سے کریں۔ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے وفا کی ہے۔