جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان و دیگر پر فرد جرم کی کارروائی پھر مؤخر

جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کی، پاکستان تحریک انصاف کے وکیل محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی 28 نومبر تک مؤخر کردی جبکہ 9 مئی کے اس کیس میں فرد جرم کی کارروائی ملزمان کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کی گئی۔

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کے لیے راستوں کی بندش کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کو بھی آج لاہور سے راولپنڈی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، اسی طرح شیخ رشید احمد و دیگر بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ آج کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی سمیت جی ایچ کیو حملہ کیس کے 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونی تھی۔