حکومت پنجاب نے سنگل یوز پلاسٹک کے قوانین میں ترامیم کرکے 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک شاپنگ بیگز کی خرید اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی۔
حکومت پنجاب کے محکمہ ای پی اے نے سنگل یوز پلاسٹک کے قوانین میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز 10 دسمبر کو ہوگا ہے، قانون کی خلاف ورزی پر 5000 سے 50,000 روپے تک جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر جگہ سیل اور مواد ضبط کیا جائے گا اور 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک شاپنگ بیگز کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی لگا دی گئی تاہم سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے 9 دسمبر تک عوام کو مہلت دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ ہر ضلعے میں پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، ای پی اے نے میڈیا مہم اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ڈی سی اور ڈی پی اوز کے ساتھ مؤثر نفاذ کے لیے ملاقاتوں کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں پلاسٹک کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی اورتمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کریک ڈاؤن کے لیے تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔