وزیراعظم کی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی

وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے 8 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک اور 11 کو حراست میں لینے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ 

انہوں نے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

وزیرِ اعظم نے پاک فوج کے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ 

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاک فوج اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ملک کی دشمنوں سے حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسروں و جوانوں پر فخر ہے۔ 

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 

وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔