جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں عمران خان اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید احمد  اور دیگر ملزمان پر جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ وکلا صفائی نے  مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کر دی جس پر سماعت کل ہوگی۔

خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پیش کیا گیا۔ وکلا صفائی نے تئیس اے ٹی اے کے تحت مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی  درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا۔ دفعات ختم کرکے مقدمہ متعلقہ عدالت کوبھجوایا جائے۔یہ کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔

وکلا صفائی کی درخواست پر سماعت کل انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگی۔ عدالت نے مرکزی کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد پولیس وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو لے کر دوبارہ لاہور روانہ ہوگئی۔

مقدمہ میں عمر ایوب،شبلی فراز،شیخ رشید،بشارت راجہ ، صداقت عباسی، زرتاج گل، واثق قیوم، عمرتنویر، شیریں مزاری بھی نامزد ہیں۔ اسی عدالت نے نو مئی کے تیرہ مقدمات کی سماعت سولہ دسمبرتک ملتوی کردی۔ حاضری لگانے کے بعد عدالت نے ملزمان کو جانے کی اجازت دے دی۔