کرائسٹ چرچ، انگلینڈ کے بیٹر جوروٹ نے سچن ٹنڈولکر کا طویل ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا۔
انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جوروٹ ٹیسٹ کرکٹ میں دھوم مچاتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر فارمیٹ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
جو روٹ نے یہ سنگ میل ہیگلے اوول میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی آٹھ وکٹوں سے فتح کے دوران حاصل کیا۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ناٹ آؤٹ 22 رنز بنائے جو انہیں ہم وطن ایلسٹر کک اور بھارت کے مایہ ناز بیٹر ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑنے کے لیے کافی تھے، روٹ کے اب چوتھی اننگز میں 1630 رنز ہیں جو ٹنڈولکر کے 1625 رنز سے پانچ زیادہ ہیں۔
ٹیسٹ میں چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ رنزجو روٹ کے ہیں جنہوں نے 49 اننگز میں 1630 رنز سکور کیے، سچن ٹنڈولکر 60 اننگز میں 1625 رنز بنا کر دوسرے، گریم اسمتھ 41 اننگز میں 1611 رنز سکور کرکے تیسرے، ایلسٹر کک 53 اننگز میں 1611 رنز بناکر چوتھے جب کہ شیو نارائن چندر پال 49 اننگز میں 1580 رنزبناکر اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
جو روٹ کی چوتھی اننگز میں 2 سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں، فتوحات میں 620 رنز بنا کر وہ بلے بازوں کی مذکورہ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، صرف گریم اسمتھ کے پاس چوتھی اننگز میں ہزار سے زیادہ رنز جیت میں بنانے کا اعزاز ہے۔
جو روٹ، ٹنڈولکر کے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ریکارڈ کا تعاقب کر رہے ہیں اور وہ صرف 3144 رنز پیچھے ہیں، وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کے ساتھ بلے بازوں کی فہرست میں 5ویں نمبر پر ہیں۔