8 سال کی عمر میں ایک ہی دن میں پورے سال کا نصاب مکمل کرنے والے بچے نے ذہانت میں سائنسدان آئن سٹائن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دنیا میں سب سے زیادہ ذہین سائنسدان البرٹ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو مانا جاتا ہے لیکن ایک 10 سالہ بچہ ایسا بھی ہے جس نے ذہانت میں سائنسدانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس 10 سالہ بچے کا نام کرش اروڑہ ہے جو برٹش انڈین ہے اور اس کا تعلق مغربی لندن سے ہے۔
کرش نے انتہائی ذہین افراد کے لیے ایک خصوصی سوسائٹی مینسا میں ٹیسٹ دیا جہاں بچے کا آئی کیو 162 رہا جو اسے عالمی سطح پر ایک فیصد ذہین ترین لوگوں کی فہرست میں شامل کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرش کے آئی کیو کو دیکھتے ہوئے اسے آئندہ سال کوئین الزبتھ کے اسکول میں داخلہ ملے گا جو برطانیہ میں ایک انتہائی معتبر گرامر اسکول ہے۔
کرش کے والدین پیشے کے اعتبار سے انجینئرز ہیں جنہیں اپنے بیٹے کی ذہانت کا علم اس کی 4 سال کی عمر میں ہوا تھا۔
کرش کی والدہ نے بتایا کہ بیٹے کو ریاضی کا مضمون بہت پسند ہے، اس نے 8 سال کی عمر میں ایک ہی دن میں پورے سال کا نصاب مکمل کرلیا تھا، اس کے علاوہ وہ میوزک بجانے کا بھی شوق رکھتا ہے۔